گلگت بلتستان میں یکم نومبر، بہادر عوام اور گلگت سکاؤٹس کی قربانیوں کے ساتھ ڈوگرا راج سے آزادی کا دن منایا جا رہا ہے
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں آج یکم نومبر کو ڈوگرا راج سے آزادی کا دن بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وہاں کی بہادر عوام اور گلگت سکاؤٹس کی تاریخی قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے، جنہوں نے ڈوگرا راج کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے مہاراجہ کے کنٹرول کو ختم کیا اور علاقے کو آزاد کرایا۔
ماہرین کے مطابق گلگت بلتستان کی عوام کی یہ جدو جہد پاکستان کے ساتھ الحاق کے مقصد کے لیے کی گئی تھی۔ گلگت کی آزادی کے بعد، 14 اگست 1948ء کو ایک سال کی محنت اور قربانی کے بعد بلتستان کو بھی آزاد کروا لیا گیا۔
ڈوگرا راج کے خلاف یہ فتح آج بھی ایک عظیم معرکہ کے طور پر یاد کی جاتی ہے۔ گلگت بلتستان اپنے منفرد جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے نہ صرف دفاعی نقطۂ نظر سے اہم ہے بلکہ یہ سیاحتی، معاشی اور ثقافتی اعتبار سے بھی ملک کے لیے انتہائی قیمتی خطہ ہے۔
آج کے دن کی تقریبات میں علاقے کی تاریخ، عوام کی بہادری اور قربانیوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسلیں اپنی ماضی کی عظمت سے واقف ہو سکیں۔





