خیبر پختونخوا میں امن کی نئی کوشش ،وزیر اعلیٰ کا تمام سیاسی قائدین سے رابطہ، مشترکہ جرگہ تشکیل دینے کا اعلان
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطے کیے ہیں۔ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کی اِن ہاؤس کمیٹی کے تحت تمام جماعتوں پر مشتمل ایک بڑا جرگہ بلایا جائے گا، جس میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور انہیں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے منعقد کی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت دی۔ایمل ولی خان نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کے بعد اے پی سی میں شرکت سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے صوبے کی دیگر اہم سیاسی شخصیات، بشمول مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا سے بھی رابطے کیے ہیں، تاکہ امن و امان کے مسئلے پر سیاسی اتفاقِ رائے قائم کیا جا سکے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ’’اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، مگر امن سب کا مشترکہ ہدف ہونا چاہیے۔‘‘انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام فریقین کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اسپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تمام سیاسی رہنماؤں کو باضابطہ طور پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، تاکہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اجتماعی فیصلے کیے جا سکیں۔





