افغان مہاجرین کو بغیر رجسٹریشن رہائش دینے والے مالک مکان احمد خان کے خلاف مقدمہ درج، کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی
رائے ونڈ میں افغان مہاجرین کو رہائش دینے والے مالک مکان کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں آ گئی ہے۔ پولیس کے مطابق، مالک مکان احمد خان کے خلاف حکومت کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا کیونکہ انہوں نے افغان مہاجرین کا اندراج متعلقہ تھانے میں نہیں کروایا۔
مقدمے کے متن میں بتایا گیا ہے کہ احمد خان نے کرایہ داری ایکٹ کی بھی خلاف ورزی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مالک مکان زریاب روڈ، کوئٹہ کا رہائشی ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اسلام آباد، راولپنڈی اور مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق غیر قانونی افغان باشندوں کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ ان شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جنہوں نے پابندی کے باوجود اپنے مکانات یا دکانیں ان افراد کو کرائے پر دی ہیں۔
راولپنڈی کے مختلف تھانوں جیسے تھانہ مورگاہ، تھانہ جاتلی اور تھانہ واہ کینٹ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں، جن میں مکان کے مالکان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو رہائش دی۔
پولیس حکام نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی غیر قانونی مقیم شخص کو مکان یا کمرہ کرایہ پر نہ دیں، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





