خیبر پختونخوا بار کونسل کے انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق اے این پی سے وابستہ ملگری وکیلان نے صوبے بھر میں 13 نشستیں اپنے نام کر کے واضح برتری حاصل کر لی ہے۔
پشاور میں سات نشستوں میں سے ملگری وکیلان نے چار، انصاف لائرز فورم نے دو جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق ملگری وکیلان کے حضر حیات نے سب سے زیادہ 926 ووٹ حاصل کیے، جبکہ فضل واحد نے 893 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ انصاف لائرز فورم کی صوفیہ نورین اور علی زمان نے بالترتیب 880 اور 875 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔
دیگر پشاور کے کامیاب امیدواروں میں ملگری وکیلان کے رفیق مہمند (861 ووٹ) اور بابر خان یوسفزئی (792 ووٹ) شامل ہیں۔ آزاد امیدوار محمد سعید نے 828 ووٹ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ملگری وکیلان کی برتری برقرار رہی، جہاں مردان، صوابی، سوات اور کرک کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ پیپلز لائر فورم، جمعیت لائر فورم، مسلم لائر فورم اور اسلامک لائر فورم کے امیدوار بھی اپنی اپنی نشستوں پر کامیاب قرار پائے، جبکہ آزاد امیدوار فدا گل آفریدی اور محمد سعید نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔
صوبے بھر میں انتخابات کے یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ اس بار ملگری وکیلان نے واضح برتری حاصل کی، جبکہ دیگر فورمز کو محدود کامیابیاں ہی حاصل ہو سکیں۔





