وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں موٹر وہیکل آٹومیشن سسٹم کا اجراء کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت شہریوں کو آن لائن سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے موٹر وہیکل آٹومیشن سسٹم کا باضابطہ اجرا کیا۔
تقریب میں صوبائی اسمبلی اور کابینہ کے اراکین کے علاوہ محکمہ ایکسائز کے حکام و اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس نئے نظام کے تحت گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی اور دیگر سہولیات آن لائن دستیاب ہوں گی، جس سے گاڑیوں کی چوری اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو گاڑی کی فیس اور یونیورسل نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ممبران صوبائی اسمبلی پر کرپشن الزامات کی تحقیقات کیلئے سپیکرکاوزیراعلیٰ کوخط
علی امین گنڈاپور کے مطابق اس جدید سسٹم سے نہ صرف تمام امور میں شفافیت آئے گی بلکہ صوبائی حکومت کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ اس سسٹم کو تجرباتی بنیادوں پر گزشتہ سال ستمبر میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے دوران 13,229 گاڑیوں کی رجسٹریشن، 71,654 واوچرز اور 6,437 گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی مکمل کی گئی۔ اس اقدام کے نتیجے میں صوبائی حکومت کو 28 کروڑ روپے سے زائد کی آمدن حاصل ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید آٹومیشن سسٹم کی بدولت شہریوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن، فیس کی ادائیگی اور نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ وہ یہ تمام خدمات گھر بیٹھے آن لائن حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام کے نفاذ سے گاڑیوں سے متعلق تمام امور میں شفافیت پیدا ہوگی اور حکومتی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوگا۔