9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے میں کوئی ابہام نہیں، سب نے جلاؤ گھیراؤ دیکھا، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر ہونے والے حملے میں کسی قسم کا ابہام نہیں، پورا ملک دیکھ چکا ہے کہ کس طرح جلاؤ گھیراؤ کیا گیا۔

اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو سمجھنا چاہیے کہ صرف سیاسی بیانات دینے سے بات نہیں بنے گی، اُن پر ایک صوبے کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہیل آفریدی کو پیشکش کی تھی کہ وفاق صوبے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے، لیکن ملکی صورتحال پر بلائی گئی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وزیراعلیٰ نے شرکت نہیں کی۔

9 مئی کے واقعات کی انکوائری سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انکوائری کی ضرورت وہاں پیش آتی ہے جہاں کوئی ابہام ہو، جبکہ ریڈیو پاکستان پر حملے کے معاملے میں حقائق سب کے سامنے ہیں۔

پاک افغان تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ استنبول مذاکرات میں پاکستان نے واضح مؤقف اختیار کیا کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈا کا مؤثر جواب وزیر دفاع خواجہ آصف نے دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کی ویڈیو کی جانچ پڑتال کی جائے، حقائق واضح ہوں گے، اختیار ولی

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کے حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیوز کا فرانزک کرایا جائے تاکہ تمام حقائق بالکل واضح ہو جائیں۔

اپنے بیان میں اختیار ولی خان نے کہا کہ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سہیل آفریدی نے 9 مئی کے واقعات کے دوران مسلح گروہوں کی قیادت کی، جس سے ان کے کردار اور عوامی عہدے کے لیے اہلیت پر سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیوز میں سہیل آفریدی ہنگامہ آرائی کرنے والے مظاہرین کے ساتھ موجود ہیں اور ریاستی اہلکاروں پر پتھراؤ کی قیادت کرتے نظر آ رہے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی براہِ راست قیادت کے شواہد فراہم کرتے ہیں۔

اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ویڈیوز کو جعلی قرار دینے کی مہم شروع کر دی، لیکن فرانزک تحقیق کے بعد حقائق بالکل واضح ہو جائیں گے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ یہ کہنا کہ ویڈیوز کسی اور موقع کی ہیں، جرم کی سنگینی کو کم نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کا کردار 9 مئی کے دیگر ملزمان کے مقابلے میں زیادہ سنگین نوعیت کا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ بطور وزیر اعلیٰ حلف اٹھانے کے باوجود سہیل آفریدی کے بیانات اور تقاریر آئینی حلف سے انحراف ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اُکسانا سنگین بغاوت کے مترادف ہے۔

اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ تازہ شواہد نے سہیل آفریدی اور ان کی جماعت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

Scroll to Top