ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ہجری سال 1447 کے دوران رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری 2026 کو متوقع ہے۔
یواے ای کی فلکیاتی انجمن کے صدر ابراہیم جروان کے مطابق رمضان 1447ھ کا چاند 17 فروری 2026 کو شام 4 بج کر ایک منٹ پر (اماراتی وقت کے مطابق) پیدا ہوگا، جو سعودی عرب کے وقت کے مطابق 3 بج کر ایک منٹ بنتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سورج غروب ہونے کے تقریباً ایک منٹ بعد ہی چاند غائب ہو جائے گا، اس طرح غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف 2 گھنٹے 12 منٹ ہوگی، جس کے باعث اس شام رمضان کا چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
ابراہیم جروان کے مطابق اسی بنیاد پر پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ عیدالفطر یعنی شوال 1447ھ کا آغاز 20 مارچ 2026کو متوقع ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان 18 فروری 2026 (29 شعبان 1447ھ) کی شام کیا جائے گا، جب رویت ہلال کمیٹی چاند کی شہادتوں کا جائزہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اگلے سال کتنے سورج اور چاند گرہن ہونگے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات (Met Office) نے سال 2026 میں متوقع سورج اور چاند کے گرہنوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ سال دو سورج اور دو چاند گرہن ہوں گے، جن میں سے صرف ایک جزوی طور پر پاکستان میں دیکھا جا سکے گا۔
پہلا سورج گرہن (Solar Eclipse) 17 فروری 2026 کو ہوگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا، 5 بجے اپنے عروج پر پہنچے گا اور 7 بجے 30 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ گرہن پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
پہلا چاند گرہن (Lunar Eclipse) 3 مارچ 2026 کو ہوگا، جو جزوی طور پر ملک کے کچھ حصوں سے دیکھا جا سکے گا۔
دوسرا سورج گرہن 12 اور 13 اگست کو متوقع ہے، لیکن یہ بھی پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
دوسرا چاند گرہن 28 اگست کو ہوگا، جو پاکستان سمیت جنوبی ایشیا کے بیشتر علاقوں میں قابلِ مشاہدہ نہیں ہوگا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ فلکیاتی مظاہر زمین کے مدار اور سورج و چاند کے زاویوں میں معمولی تبدیلیوں کے باعث رونما ہوتے ہیں۔
ایسے مواقع سائنسدانوں کو خلاء کے نظام حرکت اور فلکیاتی مشاہدات کو سمجھنے کا قیمتی موقع فراہم کرتے ہیں۔





