اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے۔
جس کے ذریعے اب وہ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور منتقلی کا عمل پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بآسانی مکمل کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم کے مطابق اس سسٹم کے بعد بیرون ملک مقیم افراد کو اب سفارتخانوں کے چکر لگانے یا وکالت نامہ بھیجنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ صارفین کو صرف پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی بایومیٹرک تصدیق کرنی ہوگی، جس کے بعد محکمہ خود گاڑی کی ٹرانسفر کو حتمی شکل دے گا۔
بلال اعظم نے مزید وضاحت کی کہ ایپ میں فراہم کی جانے والی بایومیٹرک معلومات شناخت کے ثبوت کے طور پر استعمال ہوں گی، لہٰذا الگ سے ٹرانسفر آرڈر فارم جمع کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
تاہم انہوں نے خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کو مشورہ دیا کہ تمام قانونی دستاویزات درست حالت میں رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : موجیں ختم: سولر سسٹم استعمال کرنے والوں کے لیے بری خبر آگئی
ان کا کہنا تھا جب بھی کوئی گاڑی فروخت کی جائے تو دستخط شدہ ٹرانسفر لیٹر لازمی طور پر خریدار کے حوالے کریں، کیونکہ بایومیٹرک تصدیق کے ساتھ یہ دستاویز قانونی تقاضوں کی تکمیل کے لیے ضروری ہے۔
ڈائریکٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر کارروائی تیز کی جا رہی ہے تاکہ تمام بقایاجات جلد از جلد وصول کیے جا سکیں۔





