افغانستان ایک بار پھر زلزلے کی زد میں، 4 افراد جاں بحق، 60 زخمی

کابل: افغانستان کے شمالی علاقے ہندوکش میں اتوار کی رات شدید زلزلے کے جھٹکوں نے عوام کو خوفزدہ کردیا۔

زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ مختلف حادثات میں کم از کم 4 افراد جان سے گئے اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔

زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب مغرب میں بتایا گیا ہے، اور اس کی گہرائی تقریباً 28 کلومیٹر تھی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جھٹکے اتنے طاقتور تھے کہ انہیں مزار شریف، بلخ، سمنگان سمیت کئی شمالی شہروں میں محسوس کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق رات گئے اچانک زمین ہلنے لگی تو شہری گھبراہٹ کے عالم میں گھروں سے نکل کر سڑکوں اور کھلے مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔

کئی علاقوں میں مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر ریسکیو کارروائیاں کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سمیت ملک میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ کئی دیہات میں اب بھی ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

زلزلے کے جھٹکے تاجکستان، ازبکستان، ترکمانستان اور ایران کے سرحدی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

خیال رہے کہ اگست 2025 میں افغانستان میں 6.0 شدت کے زلزلے نے دو ہزار سے زیادہ جانیں لی تھیں، جبکہ 2023 میں ہرات سمیت مختلف علاقوں میں آنے والے زلزلوں میں تقریباً چار ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Scroll to Top