سلمان یوسفزئی
پشاور، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی مسلسل تنقید سے دلبرداشتہ ہوکر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ کو پیش کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف نے چند روز قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پیش کیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ نے تاحال اسے قبول نہیں کیا۔
عہدے سے مستعفی ہوتے ہوئے بیرسٹر سیف نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ انہیں عہدے کا کوئی شوق نہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی کی خاطر وہ پارٹی رہنماؤں کی تنقید برداشت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بیرسٹر سیف کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے اندر اور باہر ہونے والی تنقید کی پرواہ نہ کریں، کیونکہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں مشیر مقرر کیا ہے اور یہی بات کافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف میں مزید تبدیلیاں ، بیرسٹر سیف کو سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا گیا
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بیرسٹر سیف نے اپنے استعفے کے بارے میں بانی پی ٹی آئی کو بھی آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ بیرسٹر سیف کو خیبرپختونخوا کابینہ میں شامل ہونے پر پی ٹی آئی کے بعض رہنماؤں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم، اس معاملے پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بیرسٹر سیف کو پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ جس کے بعد تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ ملک عدیل اقبال کو سونپ دیا ہے۔