محمد عباس
باجوڑ:سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شدت پسند عناصر کے خلاف کامیاب اور مؤثر ٹارگٹڈ کارروائیوں کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
تحصیل ناوگئی کے علاقے کوٹکی اور شریف خانہ چارمنگ میں سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف کامیاب آپریشن مکمل کیا، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں کو ان کے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق، وہ مکین جو گزشتہ عرصے سے آپریشن کی وجہ سے اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے تھے، اب مکمل سیکیورٹی کے ساتھ اپنے گھروں کو واپس آ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں 30 سال پرانی دشمنی دوستی میں بدل گئی
باجوڑ میں 30 سال سے نسل در نسل چلتی آرہی دشمنی جرگے کی کاوشوں سے آج دوستی میں بدل گئی۔
دونوں فریق ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہو کر پرانے غصے کو بھول گئے اور باہمی محبت و اخوت کے جذبات نے ہر دل کو گرم کر دیا۔
ضلع باجوڑ کے علاقے سالارزئی کے معروف خاندان متہ شاہ ملکان کے درمیان تین دہائیوں سے جاری تنازع جرگہ ممبران کی کوششوں سے صلح میں تبدیل ہوگیا۔
دونوں فریقین کے درمیان صلح کی تقریب باجور کے سیول کالونی خار میں منعقد ہوئی جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔
یہ دشمنی گزشتہ سالوں میں انتہائی خطرناک شکل اختیار کر چکی تھی جس کے دوران ملک عبدالغنی، ملک شاہ خالد، ملک سمیع اللہ اور ملک ریحان قتل ہوگئے تھے۔
جرگہ ممبران لقمان سلارزئی، ملک زادہ اور دیگر کی کوششوں سے فریقین ملک امان اللہ خان و ان کے خاندان اور ملک جاوید اقبال و ان کے خاندان ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے اور اللہ کے رضا کے لیے ایک دوسرے کو معاف کر دیا۔
دونوں فریقین نے جرگہ ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا، جرگے میں موجود شرکا نے جرگہ ممبران کی امن کی کوششوں کو سراہا۔





