ریاض : سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزا کے حوالے سے اہم ضابطے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب عمرہ ویزا اجراء کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخل نہ ہونے کی صورت میں ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔ یہ نیا قانون اگلے ہفتے سے نافذ العمل ہوگا۔
عرب نیوز چینل العربیہ کے مطابق نئے ضابطے کے تحت ویزا کی ابتدائی مدتِ کار یعنی داخلے سے قبل کی مدت تین ماہ سے گھٹا کر ایک ماہ کر دی گئی ہے، تاہم سعودی عرب میں داخل ہونے کے بعد عازمین کو قیام کے لیے پہلے کی طرح تین ماہ ہی مہیا ہوں گے۔
وزارت کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ اقدام بڑھتی ہوئی عمرہ زائرین کی تعداد کو منظم کرنے اور انتظامی بہتری کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں کے اختتام اور موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی آمد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
نیشنل کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد بجعفر نے کہا کہ نئے نظام سے حکام کو زائرین کی آمد و رفت پر بہتر نگرانی اور سہولتوں کی فراہمی میں مدد ملے گی، اور ہجوم کے انتظام میں بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں : کرک: سی ٹی ڈی اور پولیس کی کامیاب کارروائی، ایک دہشت گرد ہلاک
اعداد و شمار کے مطابق رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی جون کے اوائل سے اب تک دنیا بھر سے 40 لاکھ سے زائد زائرین کو عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو پچھلے سیزنز کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہے۔
سعودی حکومت نے عمرہ سیزن کے دوران زائرین کی بڑھتی ہوئی آمد کے پیش نظر مکہ اور مدینہ میں انتظامی عملے اور سہولیات میں بھی اضافہ کیا ہے تاکہ عبادت گزاروں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔





