معرکہ حق کے بعد بھارت ابھی تک پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے فوری بعد پاکستان پر دہشت گردی کو فروغ دینے کا جھوٹا الزام لگایا گیا، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے موقف کی عالمی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہوئی اور دوست ممالک نے بھی پاکستان کے موقف کی تائید کی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے بھارت کو پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح جارحیت کا مرتکب رہا ہے اور اب بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری کوسٹ گارڈ نے بھارت کے لیے جاسوسی کرنے والے ملاح کو گرفتار کیا، جس نے بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں استعمال ہونے کی تمام کہانی دنیا کے سامنے سنائی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاکستان نے اپنے سے چار گنا بڑی طاقت کو شکست دی، اور پاکستان خطے میں توازن کا ضامن ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق وزیراعلیٰ صوبے کو دہشت گردی اور کرپشن کا تحفہ دیکر گئے، فیصل کریم کنڈی

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے جب جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیا، اور معرکہ حق میں فضائیہ کا کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے دنیا کی آنکھیں کھولنے میں پاکستان کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہوا اور عالمی سطح پر بھارت کی سازشیں بے نقاب ہوئیں۔

Scroll to Top