بیرسٹر سیف کا 27ویں آئینی ترمیم پر صوبوں کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ

بیرسٹر سیف کا 27ویں آئینی ترمیم پر صوبوں کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ

پی ٹی آئی رہنما بیر سٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم صوبوں کی مشاورت سے کی جانی چاہئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد سے قبل تمام صوبوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کو ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جانا چاہیے، تاہم موجودہ حکومت ان ترامیم کے ذریعے اقتدار کو طول دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملک کی سیاست میں صرف دو سیاسی جماعتیں پوری قومی نمائندگی نہیں کر سکتیں کیونکہ وہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار پر قابض ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مجوزہ ترامیم کے نتیجے میں صوبائی حقوق کی پامالی کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام آئینی ترامیم صوبوں کی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے کی جانی چاہئیں کیونکہ صوبوں کی خودمختاری اور حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ صوبوں کے حقوق کی حفاظت کے لیے حکومت کو مکمل طور پر شفافیت اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

Scroll to Top