عسکریت پسندوں نے جے یو آئی کے رہنماء اور معروف عالم دین حافظ عبدالسلام عارف کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا

ٹارگٹ کلنک کے نتیجےمیں معروف عالم دین حافظ عبدالسلام عارف شہید

چارسدہ کی تحصیل مندنی میں عسکریت پسندوں نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے رہنماء اور معروف عالمِ دین حافظ عبدالسلام عارف پر فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مسلح افراد نے اس وقت حملہ کیا جب حافظ عبدالسلام عارف مسجد سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔علاقے میں فائرنگ کی آواز سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے اور زخمی حالت میں حافظ عبدالسلام عارف کو اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں شدت پسند گروہ ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

جے یو آئی رہنماؤں اور مذہبی حلقوں نے حافظ عبدالسلام عارف کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

شہید عالمِ دین کی نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں علماء، سیاسی کارکنان اور شہریوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ چارسدہ میں فضا سوگوار ہے۔

Scroll to Top