ناران کاغان میں سال کی پہلی برف باری، سینکڑوں سیاح پھنس گئے

 وادیٔ کاغان، ناران اور بابوسر ٹاپ میں سال کی پہلی برف باری جاری ہے جس کے باعث علاقے میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ سینکڑوں سیاح مختلف مقامات پر پھنس گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق شدید برف باری کے بعد ناران سے جھل کھڈ اور بابوسر ٹاپ جانے والا راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مانسہرہ سے گلگت جانے والی شاہراہ بھی بابوسر ٹاپ کے مقام پر دونوں اطراف سے بند ہے، جس کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اگر موسم میں بہتری آئی تو آئندہ دو سے تین روز میں بابوسر ٹاپ روڈ کو بحال کر دیا جائے گا، جبکہ بٹہ کنڈی تک تمام راستے سیاحوں کے لیے کھلے ہیں اور آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آج سے شروع ہونے والا بارش اور برفباری کا سلسلہ کتنے دن جاری رہے گا؟ جانئے

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جو 5 نومبر تک موجود رہے گا۔ اس دوران مختلف علاقوں میں بارش اور بلند پہاڑی مقامات پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، کوہاٹ، کشمیر اور مظفرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی میں مزید بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خوشاب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بارش کے نتیجے میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ کی شدت میں کمی متوقع ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت موسمی حالات سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کیونکہ برفباری کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔

اس بارش کے نتیجے میں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ سرد ہوائیں شمالی علاقوں سے ملک کے بیشتر حصوں کا رخ کریں گی۔

Scroll to Top