27ویں ترمیم کا فیصلہ پہلے ہو چکا، پیپلزپارٹی ٹوپی ڈرامے میں شریک ہے، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پر فیصلہ پہلے ہی ہوچکا ہے، اب صرف عوام کو دکھانے کے لیے سیاسی ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، جس میں پیپلز پارٹی بھی شریک ہے۔

اسلام آباد میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ آج اپوزیشن کی ہنگامی بیٹھک بلائی گئی تھی ،27 آئینی ترمیم کا پنڈورا باکس کھولا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا حالیہ بیان تشویشناک ہے، پی پی پی بھی اِس ٹوپی ڈرامے میں شریک ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کی پیپلز پارٹی نے آئین دیا، بینظیر بھٹو نے جمہوریت کے لیے قربانی دی، لیکن آج کی پیپلز پارٹی جمہوریت کو دفن کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ میاں نواز شریف کا نعرہ “ووٹ کو عزت دو” اب کہاں گیا؟

اسد قیصر نے مزید کہا کہ اقتدار جو قدموں میں گر کر حاصل کیا جائے، اس کی کوئی قدر نہیں۔ نواز شریف جو خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہتے تھے، آج خاموش ہیں۔ ہم نے 27ویں ترمیم کے معاملے پر بانی تحریک انصاف کو بھی اپنی سفارشات بھیج دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر صورت جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے عوامی سطح پر بھی آواز اٹھائے گی اور پارلیمنٹ کے اندر بھی بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : 27 ویں ترمیم کے بعد بلاول بھٹو کے پاس وزیراعظم بننے کا بہترین موقع، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینئر سیاسی رہنما اور سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے پاس وزیراعظم بننے کا بہترین موقع موجود ہوگا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ 27 ویں ترمیم آئے گی اور اس کے بعد آسانی سے پاس بھی ہو جائے گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹرینز کا کام ہی قانون سازی کرنا ہے، اور اگر 77 سال کی عمر میں سیاستدان کام کر سکتے ہیں تو ججز، پولیس اور فوج میں بھی افراد ملک کی ضرورت کے مطابق خدمات انجام دیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ 27 ویں ترمیم کے بعد 26 ویں ترمیم کے خلاف دائر کی گئی درخواستیں غیر متعلقہ ہو جائیں گی اور ملک میں آئینی عدالت کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top