محکمہ صحت خیبر پختونخوا میں افسران کے تقرر و تبادلے، ناقص کارکردگی پر ایم ایس بٹگرام معطل

سلمان یوسفزئی

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مختلف اضلاع میں افسران کے تقرر و تبادلے کر دیے ہیں جبکہ ناقص کارکردگی کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال بٹگرام کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق گریڈ 19 کے ڈاکٹر محمد نعیم کو ایم ایس ڈی ایچ کیو بٹگرام کے عہدے سے سبکدوش کر کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر محمد نعیم کی کارکردگی سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران غیر تسلی بخش رہی۔

محکمہ صحت نے ڈپٹی ڈی ایچ او بٹگرام ڈاکٹر گل شہزادہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا اضافی چارج سونپ دیا ہے۔

اسی اعلامیے کے مطابق صوبائی ڈرگ انسپکٹر مدثر علی کا تبادلہ کرک کر دیا گیا ہے جب کہ محمد شکیل نواز کو بطور صوبائی ڈرگ انسپکٹر بٹگرام تعینات کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سیکریٹری صحت خیبر پختونخوا نے چھاپے کے دوران غفلت برتنے پر سینئر فارمیسی ٹیکنیشن خانزادہ خان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں ایس پی عہدے کے افسران کے تبادلے، اعلامیہ جاری

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس میں ایس پی عہدے کے افسران کے تبادلے کر دیے گئے ہیںجس کا اعلامیہ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے دفتر سے جاری کیا گیا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایس پی محمد اشفاق کو ایس پی انوسٹی گیشن ضلع کرک سے ایس پی سی ٹی ڈی ضلع خیبر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ایس پی سجاد احمد کو ایس پی انوسٹی گیشن ضلع چارسدہ سے ایس پی سیکورٹی ایبٹ ہزارہ ریجن، سیکورٹی ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح ایس پی عالمزیب کی ایکٹنگ ایس پی انوسٹی گیشن نوشہرہ سے ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

یہ تبادلے خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی میں بہتری اور سیکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top