پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

فیصل آباد: پاکستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 264 رنز کے ہدف کو 49.4 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی اننگز میں سلمان آغا نے 62 رنز بنائے، محمد رضوان نے 55 اور فخر زمان 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ صائم ایوب نے 39 رنز کا نمایاں حصہ ڈالا۔

بابر اعظم صرف 7 رنز بنا سکے اور حسین طلعت نے 22 رنز بنا کر وکٹ گنوا دی۔ حسن نواز ایک رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیدی اور دونوین فریرا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.1 اوورز میں 263 رنز بنائے۔ کوئنٹن ڈی کاک نے 63 اور لوان-ڈرے پریٹوریئس نے 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں، کپتان میتھیو بریٹز نے 42 اور کاربن بوش نے 41 رنز بنائے۔ ٹونی ڈی زورزی 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : حارث رؤف 2 میچز کےلیے معطل،وجہ سامنے آگئی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو دو ون ڈے انٹرنیشنل (ODIs) میچز کے لیے معطل کر دیا ہے۔

یہ معطلی ان کے حالیہ ایشیا کپ 2025 کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے نتیجے میں دی گئی ہے۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق حارث رؤف کو 24 ماہ کے اندر چار ڈیمرٹ پوائنٹس حاصل ہونے کے بعد پاکستان کے جنوبی افریقہ کے خلاف 4 اور 6 نومبر کے میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آئی سی سی نے ایشیا کپ 2025 کے دوران ہونے والے کئی میچوں کے حوالے سے کوڈ آف کنڈکٹ کے فیصلے جاری کیے ہیں۔ یہ سماعتیں ایمیریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ممبران نے کی تھیں اور ان کا تعلق 14، 21 اور 28 ستمبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے میچوں سے تھا۔

آئی سی سی کے مطابق حارث رؤف کو پہلے دو ڈیمرٹ پوائنٹس دیے گئے کیونکہ وہ آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جو کھیل کی بدنامی کے زمرے میں آتی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ بھی کیا گیا۔

بعد ازاں ٹورنامنٹ کے فائنل میں 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں رؤف دوبارہ آرٹیکل 2.21 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس کے نتیجے میں انہیں دو اضافی ڈیمرٹ پوائنٹس دیے گئے۔

آئی سی سی کے مطابق رؤف کے کل ڈیمرٹ پوائنٹس 24 ماہ کے دوران چار ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں انہیں دو معطلی پوائنٹس ملے اور کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق وہ معطل قرار پائے۔

Scroll to Top