اداکار زاہد احمد نے سوشل میڈیا صارفین سے معافی مانگ لی

پاکستانی اداکار زاہد احمد نے اپنے حالیہ بیان پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد سوشل میڈیا صارفین سے معافی مانگ لی ہے۔

اداکار نے ویڈیو پیغام کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کو غلط سمجھا گیا، اور ان کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے تخلیق کاروں کی نشاندہی کرنا تھا، نہ کہ وہ افراد جو مواد بناتے ہیں۔

زاہد احمد نے اعتراف کیا کہ جذبات میں آکر انہوں نے سخت الفاظ استعمال کیے، جو ان کی غلطی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے جنت یا جہنم جانے کا فیصلہ صرف خدا کا حق ہے اور کوئی انسان ایسا فیصلہ نہیں کر سکتا۔

اداکار نے مزید کہا کہ نوجوان ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں، اس لیے ضروری تھا کہ وہ اپنی بات درست اور واضح انداز میں پیش کریں۔

ان کا مقصد کسی کو برا کہنا نہیں تھا بلکہ سوشل میڈیا کے منفی پہلوؤں کی نشاندہی کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی ریاست کینٹکی میں کارگو طیارہ گر کر تباہ، متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی

واضح رہے کہ زاہد احمد نے ایک پوڈکاسٹ میں سوشل میڈیا کو شیطان کی ایجاد اور سب سے نقصان دہ ایجاد قرار دیا تھا، جس پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جو لوگ اپنی نجی زندگیوں کو سوشل میڈیا پر دکھاتے ہیں وہ اسلامی اقدار کے خلاف جا رہے ہیں اور انہیں آخرت میں سزا مل سکتی ہے۔

Scroll to Top