69 غیر قانونی افغان شہری گرفتار، 221 افراد اور 65 دکانیں چیک، چکوال میں بھی غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے مختلف علاقوں میں اسلام آباد پولیس نے گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کے دوران 221 افراد، 65 دکانیں، 31 گاڑیاں اور 43 موٹر سائیکلیں چیک کیں۔ اس کارروائی میں غیر قانونی طور پر مقیم 69 افغان باشندے گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیے گئے۔
آپریشن میں ایس پی صدر، ایس پی انڈسٹریل ایریا زون، ایس ڈی پی او شہزاد ٹاؤن سرکل اور دیگر پولیس افسران نے حصہ لیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ کارروائی شہر میں غیر قانونی افغان باشندوں کے قیام اور سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کی گئی۔
دریں اثنا، ضلع چکوال میں بھی غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران گرفتار کیے گئے 200 سے زائد افغان مہاجرین کو ہولڈنگ کیمپ چکوال سے طورخم بارڈر روانہ کر دیا گیا، جبکہ کیمپ میں اب تقریباً 33 افغان مہاجرین باقی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کے آپریشنز ملک میں غیر قانونی مقیم افراد کی نگرانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جاری رہیں گے۔





