پاکستان نے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
فیصل آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
پاکستان نے آخری 10 اوورز میں 90 رنز اسکور کیے، جس میں صائم ایوب، سلمان علی آغا اور محمد نواز نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
سلمان علی آغا نے 110 گیندوں پر 69 رنز بنائے، صائم ایوب نے 66 گیندوں پر 53 رنز بنائے جبکہ محمد نواز نے 59 گیندوں پر 59 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر نے چار وکٹیں حاصل کیں، نقبایو مزی پیٹر نے تین اور کوربن بوش نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کپتان نے کہا کہ وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے اور کوشش کریں گے کہ پاکستان کو کم رنز پر محدود کریں۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پہلا ون ڈے: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 264 رنز کے ہدف کو 49.4 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی اننگز میں سلمان آغا نے 62 رنز بنائے، محمد رضوان نے 55 اور فخر زمان 45 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جبکہ صائم ایوب نے 39 رنز کا نمایاں حصہ ڈالا۔
بابر اعظم صرف 7 رنز بنا سکے اور حسین طلعت نے 22 رنز بنا کر وکٹ گنوا دی۔ حسن نواز ایک رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔





