واشنگٹن: وائٹ ہاؤس میں وزن کم کرنے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ہونے والی تقریب کے دوران ایک شخص اچانک بے ہوش ہوگیا، جس سے چند لمحوں کے لیے ہنگامہ پیدا ہوگیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کرسی کے پیچھے حکومتی نمائندوں اور ہیلتھ کیئر ایگزیکٹوز کے ساتھ کھڑا یہ شخص اچانک بیمار ہوا اور چند لمحوں بعد بے ہوش ہو گیا۔
تقریب میں موجود دیگر افراد نے فوراً متاثرہ شخص کو سہارا دینے کی کوشش کی، جس دوران صدر ٹرمپ بھی فوراً کرسی سے کھڑے ہو کر مدد کے لیے آگے بڑھے۔
وائٹ ہاؤس کی میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کی۔
متاثرہ شخص ہیلتھ کیئر کمپنی کے نمائندے تھے اور پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے بعد میں بتایا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صرف کھانسی نہیں ،ماہرین نے پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک حیران کن علامت ظاہر کر دی
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد اوول آفس میں موجود صحافیوں کو عارضی طور پر کمرے سے باہر نکالا گیا تاکہ متاثرہ شخص کو فوری اور بلا رکاوٹ طبی امداد دی جا سکے۔
واقعے نے وائٹ ہاؤس میں موجود شرکاء میں عارضی تشویش پیدا کی، تاہم صدر ٹرمپ کے فوری ردعمل اور طبی ٹیم کی بروقت کارروائی سے صورتحال جلد کنٹرول میں آ گئی۔





