روم: اٹلی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 2026 سے 2028 تک تقریباً 497,000 غیر ملکیوں کو مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والے ڈیکری آف دی پریذیڈنٹ آف دی کونسل آف منسٹرز (DPCM) کے تحت کیا گیا ہے، جسے فلو ڈیکری کے نام سے جانا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کوٹے خاص طور پر غیر یورپی ممالک کے شہریوں کے لیے ہیں، اور پاکستانی کارکنان اس کے اہم مستفید ہونے والے گروپ میں شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2026 میں 164,850 ملازمتیں دستیاب ہوں گی، 2027 میں 165,850، 2028 میں 166,850 ملازمتیں دستیاب ہوںگی۔
ان مواقع میں موسمی اور غیر موسمی کاموں کے ساتھ ساتھ خود روزگار کے مواقع بھی شامل ہیں۔
موسمی ملازمتیں زیادہ تر زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں ہوں گی، جبکہ غیر موسمی کاموں میں تعمیرات، لاجسٹکس، مینوفیکچرنگ اور گھریلو دیکھ بھال کے شعبے شامل ہیں۔
2026 کے لیے درخواست جمع کرانے کی تاریخیں بھی جاری کر دی گئی ہیں، زراعت: 12 جنوری، سیاحت: 9 فروری، غیر موسمی روزگار: 16 فروری، گھریلو دیکھ بھال: 18 فروری کردی گئی ہیں۔
پاکستان سے اٹلی کے لیے ورک ویزا حاصل کرنے کے لیے امیدوار کو سب سے پہلے کسی اٹالین آجر سے ملازمت کی پیشکش حاصل کرنا ہوگی۔
اس کے بعد آجر آن لائن پورٹل کے ذریعے ورک پرمٹ یا نُلا اوستا کے لیے درخواست دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : وائٹ ہاؤس میں ہنگامہ، ٹرمپ کے پیچھے کھڑا شخص اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا
ویزہ منظور ہونے کے بعد کارکن اٹلی کے سفارتخانے یا قونصلیٹ میں ٹائپ ڈی ورک ویزا کے لیے درخواست دے سکتا ہے، جس میں پاسپورٹ، ورک کنٹریکٹ، نُلا اوستا، مالی وسائل کا ثبوت اور ہیلتھ انشورنس شامل ہونا ضروری ہے۔
اٹلی پہنچنے کے بعد کارکن کو آٹھ دن کے اندر رہائشی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا تاکہ وہ قانونی طور پر کام اور قیام کر سکے۔
حکومت نے یہ واضح کیا ہے کہ کوٹے ضرورت کے مطابق بڑھائے جا سکتے ہیں اور خالی نشستیں اگلے سال کے کوٹے میں شامل کی جا سکتی ہیں۔
موسمی کارکن بعد میں طویل المدتی یا غیر موسمی ملازمت میں تبدیلی کے اہل بھی ہو سکتے ہیں۔
اس اقدام سے نہ صرف اٹلی میں مزدوروں کی کمی پوری ہوگی بلکہ پاکستانی اور دیگر غیر یورپی شہریوں کے لیے قانونی روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔





