اسلام آباد: سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین، صاحبزادہ حامد رضا کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔
یاد رہے کہ صاحبزادہ حامد رضا کو 9 مئی کیس میں عدالت نے دس سال قید کی سزا سنائی تھی، اور وہ آج اپنی گرفتاری دینے کے لیے پشاور سے فیصل آباد روانہ ہوئے تھے۔
وہ رات خیبر پختونخوا ہاؤس میں قیام پذیر تھے، تاہم جب وہ روانہ ہوئے تو اسلام آباد پولیس نے ایک چیک پوسٹ پر ان کی گاڑی روک کر انہیں حراست میں لے لیا۔
صاحبزادہ حامد رضا کی ایکس اکاونٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کے بیٹے حسن رضا نے تصدیق کردی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے بھی گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد پولیس کی وزیراعلی سہیل آفریدی اور جنید اکبر کو گرفتار کرنے کی کوشش
اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری جمعرات کی رات کو وارنٹ گرفتاری کے ساتھ خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر کے وارنٹ شامل تھے۔
پولیس کی پہنچنے سے قبل ہی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا ہاوس سے روانہ ہو چکے تھے اورپی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر بھی خیبرپختونخوا ہائوس میں موجود نہیں تھے۔
پولیس نے گرفتاری کے وارنٹس ہاؤس انتظامیہ کے حوالے کیے اور وہاں سے روانہ ہو گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہد خٹک نے ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اس وقت پشاور میں موجود ہیں اور وہ اڈیالہ سے پشاور جا چکے تھے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے نو منتخب سینیٹر خرم ذیشان نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھاکہ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں اس وقت وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر کی گرفتاری کے وارنٹ لے کر پولیس موجود ہے۔





