گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈٰی نے وزیراعلیٰ سہیل آؑفریدی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی بیان بازی کی مذمت کرتے ہیں جو مسلح افواج کی عظمت اور قربانیوں کو کم کرنے کی کوشش کرے۔
گورنر نے کہا کہ صوبے کے بہادر سپوت اپنی جانیں قربان کر کے عوام اور علاقے کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں اور ان کے جذبے یا نیت پر سنسنی خیز انداز میں سوال اٹھانا نہ صرف فوج کے حوصلے کو متاثر کرتا ہے بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز ماضی میں بھی ضروری تھے اور آئندہ بھی رہیں گے، ان کارروائیوں کا واحد مقصد عام شہریوں کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی ہے، سیاسی مباحثے اپنی جگہ، مگر انہیں ایسے الفاظ یا اقدامات میں نہیں بدلنا چاہیے جو سیکورٹی اداروں کو کمزور کریں۔
گورنر نے وزیرِاعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور صوبے کی سلامتی و یکجہتی کو سیاسی مفادات سے بالاتر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ تمام سیاسی قوتیں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صرف شہرت کے لیے متنازع بیانات دے رہے ہیں، عطاء تارڑ
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ احتساب کا فیصلہ عوام کے ووٹ کے ذریعے آئندہ انتخابات میں ہوگا۔





