پاکستان ہاکی ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش، 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بنگلہ دیش کے دورے کے لیے 18 رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔

قومی ٹیم آج (ہفتہ) کی صبح لاہور سے ڈھاکہ کے لیے روانہ ہوگی، جہاں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستانہ ہاکی سیریز کھیلی جائے گی۔

فیڈریشن کے اعلان کے مطابق عماد شکیل بٹ کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج شامل کیا گیا ہے۔

ٹیم میں عبداللہ اشتیاق خان، منیب الرحمان، محمد سفیان خان، محمد عبداللہ، حمادالدین انجم، عبد المنان، معین شکیل، زکریا حیات، ارشد لیاقت، غضنفر علی، رانا عبدالوحید، افراز، عبد الحنان شاہد، عبدالرحمن، رانا محمد ولید، احمد ندیم اور جنید منظور شامل ہیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق سیریز کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر تجربہ فراہم کرنا اور آئندہ ایشیائی مقابلوں کے لیے ایک مضبوط کمبی نیشن تیار کرنا ہے۔

ترجمان نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے کامیابیاں سمیٹے گی۔

ترجمان کے مطابق سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے پہلا میچ اتوار کو ڈھاکہ کے ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان، بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے دستبردار

پاکستان نے بھارت میں منعقد ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس حوالے سے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی (F.I.H) کو باضابطہ طور پر اطلاع دے دی ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے گا۔

پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے میچز کے لیے نیوٹرل مقام پر کھیلنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے، تاہم موجودہ حالات میں بھارت جا کر مقابلہ کرنا مناسب نہیں سمجھا گیا۔

Scroll to Top