پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اور اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بابر اعظم نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں مجموعی طور پر 15 ہزار رنز کا ہدف عبور کر لیا۔
اپنی 370 انٹرنیشنل اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم پانچویں پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں جنہوں نے یہ سنگ میل طے کیا ہے۔
ان کی کارکردگی ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار 366، ٹی20 انٹرنیشنل میں 4 ہزار 302 اور ون ڈے میچز میں 6 ہزار 330 سے زائد رنز کے طور پر ریکارڈ کی گئی ہے۔
بابر اعظم نے بین الاقوامی کیریئر میں اب تک 31 سنچریاں اور 104 نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اے این پی کا 27ویں ترمیم کی حمایت کا اعلان
پاکستانی کھلاڑیوں کے اس تاریخی رینک میں انضمام الحق 20 ہزار 541، یونس خان 17 ہزار 790، محمد یوسف 17 ہزار 134 اور جاوید میانداد 16 ہزار 213 رنز کے ساتھ شامل ہیں۔
دوسر ی جانب آج پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
فیصل آباد میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 144 رنز کے ہدف کو محض 25.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
صائم ایوب نے 70 گیندوں پر 77 رنز بنائے، جن میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، اس کے بعد وہ آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان بغیر رنز بنائے آؤٹ ہو گئے، جبکہ بابر اعظم صرف 32 گیندوں پر 7 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے نندرے برگر اور بجورن فرچیون نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 37.5 اوورز میں 143 رنز پر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف ملا۔
کوئنٹن ڈی کاک 53 اور پریٹوریئس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان میتھیو بریٹز 16 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ پیٹر نے 16 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین آفریدی، محمد نواز اور سلمان علی آغا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔





