فواد چوہدری وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پر برس پڑے

اسلا م آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق ارکان نے پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی ، جس میں ملکی یکجہتی اور سیاسی محاذآرائی ختم کرنے کے طریقوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات کے دوران وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھنا سب سے اہم ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آئیں تو یہی حقیقی قومی مفاد ہوگا۔

ملاقات میں شامل سابق ارکان نے ملاقات کی اندرونی کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو صرف وفد بھیجنے سے قائل کرنا ممکن نہیں، اس کے لیے براہِ راست رابطہ ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے شاہ محمود قریشی ہی سب سے موثر رہنما ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی محاذآرائی کی سیاست پر تشویش ظاہر کی گئی۔

چوہدری فواد نے کہا کہ خیبر پختونخوا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے پاس کوئی واضح روڈ میپ نہیں ہے اور وہ صرف سڑکیں بلاک کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کے عوام کے لیے مساجد کی صورت میں مقدس تحفہ پیش کیا

وفد نے زور دیا کہ مزید سیاسی محاذ آرائی سے گریز کیا جائے اور سیاسی رہنماؤں کو بات چیت کی اہمیت سمجھائی جائے۔

ملاقات کے اختتام پر چوہدری شجاعت حسین اور سابق ارکان پاکستان تحریک انصاف نے اتفاق کیا کہ سیاست میں محاذآرائی کو ختم کرنا اور قومی استحکام و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تمام شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے بات چیت اور مفاہمت ہی سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

Scroll to Top