مانسہرہ: خیبرپختونخوا کے سیاحتی ضلع مانسہرہ میں جھیل سیف الملوک روڈ تین دن کی بندش کے بعد ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
برفباری کے باعث روڈ بند ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے مقامی افراد اور سیاح آمد و رفت میں مشکلات کا شکار تھے۔
ذرائع کے مطابق کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے برف ہٹا کر جھیل سیف الملوک روڈ کو بحال کیا، جس سے سیاح اب جھیل کے برف سے ڈھکے خوبصورت مناظر دیکھ سکتے ہیں۔
اتھارٹی کے حکام نے تصدیق کی کہ روڈ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھلا ہے اور سیاحوں کی سہولت کے لیے انتظامات مکمل کر دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ بابو سر ٹاپ روڈ کو بھی برف ہٹانے کے بعد بحال کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی مانسہرہ نے بتایا کہ سیاح اب صرف دن کے وقت صبح 11 بجے سے شام 3 بجے تک سفر کر سکتے ہیں تاکہ راستے پر محفوظ اور منظم آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
موسم کے اس موقع پر مانسہرہ اور کاغان کے سیاحتی علاقے دوبارہ سیاحوں کی آمد کے لیے کھل گئے ہیں، اور علاقے میں قدرتی مناظر کے ساتھ سیاحوں کی دلچسپی میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بابوسر ٹاپ پر جولائی میں غیر معمولی برفباری، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا
گلگت بلتستان کے مشہور سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر جولائی کے مہینے میں غیر معمولی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔
جس کے بعد علاقے کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔
موسم کی اس غیر متوقع تبدیلی نے نہ صرف مقامی افراد کو حیران کیا بلکہ سیاحوں کے لیے بھی یہ ایک دلچسپ اور یادگار تجربہ بن گیا۔





