محمود اچکزئی ہر اسمبلی کو جعلی کہتےرہے ہیں اور اس کاحصہ بھی ہوتےہیں، طلال چودھری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ جماعتِ انصاف کے رہنما محمود اچکزئی مسلسل ہر اسمبلی کو جعلی قرار دیتے ہیں حالانکہ وہ خود بھی اسی نظام کا حصہ ہیں۔

طلال چودھری نے دعویٰ کیا کہ اچکزئی پارلیمنٹ سے بھاگتے ہیں کیونکہ ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں اور جب پارلیمنٹ چاہے گی تو فیصلے کرے گی ، کسی کی دھمکی سے قانون سازی نہیں رکے گی۔

طلال چودھری نے مزید کہا کہ جتنا کوئی پارلیمنٹ سے دور ہوگا اتنا ہی اس کا سیاسی وزن کم ہوگا اور ان کی اپنی جماعت کے پاس اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے نہیں ہے۔

انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کے بارے میں کہا کہ کئی ہفتوں، مہینوں سے مشاورت جاری ہے اور اجلاس میں بہت سے امور پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔

طلال چودھری نے واضح کیا کہ کوشش یہ ہے کہ تمام چیزیں متفقہ طور پر ہوں، کچھ کہنے سے پہلے تھوڑا انتظار کر لیں،حتمی مسودہ رپورٹ کی صورت میں سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

طلال چودھری پی ٹی آئی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ پی ٹی آئی جتنی پارلیمنٹ سے دور ہوگی، اتنی ہی سیاست سے دور جائے گی، انہوں نے استفسار کیا کہ اگر اسمبلی جعلی ہے تو اس کا حصہ بننے کی ضرورت کیا تھی۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی،جے یوآئی کا حمایت کا اعلان

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ معاملے میں علی ظفر نے تصویر کا وہ رخ دکھایا جو انہیں پسند آیا، سینیٹر رشید نے واضح کیا کہ وہ انتقام کے حامی نہیں، بلکہ نظام میں بہتری کے خواہاں ہیں اور نظام کی اصلاحات کی کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے اظہارِ اطمینان کیا کہ اس روز اپوزیشن کی جانب سے عدلیہ کے حق میں تقاریر بھی ہوئیں، سینیٹر رشید نے کہا کہ وہ رُخ جس نے پاکستان پر زخم لگائے اور عدلیہ کو ایک پارٹی کے آلہ کار بنایا، ہمیں اس سے انتقام لینا مقصود نہیں، مگر نظام میں بہتری لازم ہے۔

Scroll to Top