اب سب کے حصے میں 2 ہزار ڈالر آئیں گے، ٹرمپ کا بڑا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکس محصولات سے حاصل ہونے والے اربوں ڈالر کا بڑا حصہ امریکی شہریوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر اہل فرد کو کم از کم 2 ہزار ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ کی محصولاتی آمدنی ریکارڈ سطح پر ہے اور جلد ہی 37 کھرب ڈالر کے قومی قرض کی ادائیگی کا عمل بھی شروع کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے وضاحت کی کہ یہ رقم زیادہ آمدنی والے افراد کے علاوہ باقی ہر شہری کو دی جائے گی۔

اپنے ناقدین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جو لوگ محصولات کی مخالفت کر رہے ہیں وہ غیر دانشمندانہ سوچ رکھتے ہیں کیونکہ موجودہ معیشت مضبوط بنیادوں پر قائم ہو رہی ہے اور ملک بھر میں نئی فیکٹریاں اور پلانٹس لگ رہے ہیں۔

بزنس انسائیڈر کے مطابق امریکی سپریم کورٹ اس وقت صدر کی جانب سے عائد کیے گئے محصولات کے قانونی جواز کا جائزہ لے رہی ہے، زیریں عدالتوں نے کچھ محصولات کو غیر قانونی قرار دیا تھا لیکن ٹرمپ انتظامیہ نے انہیں انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ کے تحت جائز قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قازقستان نے ابراہام معاہدے میں شمولیت اختیار کرلی، ٹرمپ کا اعلان

امریکی محکمہ خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں کسٹمز ڈیوٹیز اور دیگر محصولات سے تقریباً 195 ارب ڈالر اکٹھے کیے گئے۔

ٹرمپ نے اکتوبر میں ایک انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ امریکا ہر سال محصولات سے ایک کھرب ڈالر سے زائد حاصل کرے گا جس کا مقصد عوام میں ادائیگی اور قومی قرضہ کم کرنا ہے۔

Scroll to Top