ایک نئی سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ امریکی عوام بڑھاپے کے بارے میں کئی طرح کے خدشات اور خوف رکھتے ہیں، امریکا کی آبادی تیزی سے بوڑھی ہو رہی ہے اور بہت سے لوگوں کو یہ یقین نہیں کہ ان کے لیے بڑھاپا کیسا ہوگا۔
امریکی مردم شماری بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بالغ افراد کی شرح 2004 میں 12.4 فیصد سے بڑھ کر 2024 میں 18 فیصد ہو گئی ہے، اس اضافے کی وجوہات میں زیادہ عمر تک زندہ رہنے کا رجحان، پیدائشوں میں کمی اور بیبی بومر نسل کا بڑھاپے میں داخل ہونا شامل ہیں۔
پیو ریسرچ کے محققین نے ستمبر کے اوائل میں 8,750 امریکی بالغ افراد سے ایک قومی سروے کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ لوگ بڑھاپے کے بارے میں کیا سوچتے ہیں اور وہ اپنی صحت، مالی حالات اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کر سکتے ہیں۔
نتائج کے مطابق، 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تقریباً نصف بالغ افراد (49 فیصد) کا کہنا ہے کہ وہ بڑھاپے کو انتہائی اچھے یا بہت اچھے انداز میں گزار رہے ہیں جبکہ 65 سال سے کم عمر کے صرف 30 فیصد افراد کو امید ہے کہ وہ بھی اتنے ہی اچھے طریقے سے بڑھاپا گزاریں گے۔
سروے میں بتایا گیا کہ مالی حالات کا بڑھاپے کے تجربے پر گہرا اثر پڑتا ہے، زیادہ آمدنی والے 61 فیصد افراد نے کہا کہ وہ بہت اچھی طرح عمر رسیدہ ہو رہے ہیں جبکہ درمیانی آمدنی والے 51 فیصد اور کم آمدنی والے صرف 39 فیصد افراد نے ایسا کہا۔
آمدنی کے لحاظ سے بہتر افراد جسمانی اور ذہنی صحت میں بھی بہتر دکھائی دیے وہ سماجی طور پر زیادہ سرگرم تھے اور مختلف مشاغل یا شہری سرگرمیوں میں حصہ لیتے تھے۔
سروے کے مطابق 65 سال سے کم عمر کے بالغوں میں سے 67 فیصد اپنے بڑھاپے کے بارے میں فکر مند ہیں جبکہ 51 فیصد نے کہا کہ وہ اس بارے میں پُرجوش بھی ہیں، ان کی سب سے بڑی فکریں مستقبل میں صحت کے مسائل، پیسوں کی کمی اور خاندان پر بوجھ بن جانے سے متعلق تھیں۔
مزید یہ کہ 45 فیصد بالغ افراد نے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ وہ ریٹائرمنٹ کے لیے کافی بچت کر پائیں گے اور کچھ کو تو یہ بھی لگتا ہے کہ وہ شاید کبھی ریٹائر ہی نہ ہو سکیں۔
زیادہ تر امریکیوں کا خیال ہے کہ انسان کے پاس اپنی جسمانی صحت (67 فیصد) اور نقل و حرکت (60 فیصد) پر کچھ حد تک اختیار ہوتا ہے تاہم کم لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی ذہنی چُستی (47 فیصد) یا ظاہری عمر (38 فیصد) پر قابو رکھ سکتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کتنی عمر تک زندہ رہنا چاہتے ہیں تو 76 فیصد نے کہا کہ کم از کم 80 سال جبکہ 29 فیصد نے 100 سال تک جینے کی خواہش ظاہر کی، اوسطاً امریکی بالغ افراد نے کہا کہ وہ 91 سال کی عمر تک زندہ رہنا پسند کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی امیگریشن میں بڑا بدلاؤ، ویزہ کے لیے صحت کے معیار سخت کر دیے گئے
دلچسپ بات یہ ہے کہ آدھے سے کم امریکی بالغ افراد نے کبھی اپنی جوانی برقرار رکھنے کے لیے کوئی قدم اٹھایا ہے یا اس پر غور کیا ہے، ان میں 56 فیصد ایسے تھے جنہوں نے اینٹی ایجنگ سپلیمنٹس استعمال کیے یا کرنے پر غور کیا اور 52 فیصد نے بالوں کو رنگ کر سفید چھپانے کو ترجیح دی۔
خواتین مردوں کے مقابلے میں خوبصورتی بڑھانے والے طریقوں پر زیادہ غور کرتی ہیں، 33 فیصد خواتین نے بوٹاکس پر اور 26 فیصد نے پلاسٹک سرجری پر غور کرنے کا کہا جبکہ مردوں میں یہ شرح بالترتیب 13 اور 10 فیصد رہی۔





