سلمان علی خان
بنوں کے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) بنوں نے ڈسٹرکٹ پولیس کے ہمراہ بنوں کے علاقے مّمہ خیل / ہوید میں ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے دو انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز کو ہلاک کردیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں کچھ دہشتگرد کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاع موصول ہونے پر سی ٹی ڈی SWAT ٹیمز اور بنوں پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ کی جس کا مؤثر جواب دیا گیا۔ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔
سرچ آپریشن مکمل ہونے پر دو دہشتگرد مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں: دو روز قبل اغوا ہونے والے ایس ایچ او عابد کو شہید کردیا گیا
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت فضل اللّٰہ عرف فیض اللّٰہ عرف حنظلہ اور سفیر الرحمن ولد ولی داد کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں پولیس اہلکاروں کے قتل، اغواء اور پولیس چوکیوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمع دو میگزین، 9 ایم ایم پستول بمع میگزین، دو ہینڈ گرینیڈ، دو موبائل فونز اور کالعدم تنظیم کا کارڈ برآمد ہوا۔
ترجمان کے مطابق، دہشتگرد فضل اللّٰہ کانسٹیبل جاوید کے اغواء و حملے، کانسٹیبل نصر اللّٰہ اور حیات اللّٰہ کی شہادت اور پولیس چوکی شیخ لنڈک پر حملے میں مطلوب تھاجبکہ دہشتگرد سفیر الرحمن کانسٹیبل زبیر کی شہادت اور پولیس پوسٹس فتح خیل و خیراکی ممّہ خیل پر حملوں میں ملوث تھا، جن میں پولیس اہلکار ایثار خان اور اجمل خان زخمی ہوئے تھے۔
آئی جی خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر محکمہ انسداد دہشتگردی اور بنوں پولیس کے بہادر جوانوں کو خصوصی شاباش دیتے ہوئے ان کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی ہے۔





