وانا کیڈٹ کالج آپریشن کامیابی سے مکمل، تین دہشت گرد جہنم واصل

جنوبی وزیرستان:پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے کیڈٹ کالج وانا پر حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن مکمل کر لیا ہے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق کالج پر حملہ کرنے والے تمام خوارج جہنم واصل ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایک خودکش بمبار سمیت چار دیگر دہشت گرد آپریشن کے دوران ہلاک کیے گئے۔

اس کامیاب کارروائی کے دوران کالج کے کسی بھی طالبعلم یا استاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ کالج کی عمارت کو بارودی سرنگوں کے خدشے کے پیش نظر کلیئر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔

یہ آپریشن پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، جس نے دہشت گردوں کو ناکام بنا کر نہ صرف کیڈٹ کالج بلکہ ملک کے امن کو بھی محفوظ بنایا۔

آخر میں پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے گئے

یہ بھی پڑھیں : وانا کیڈٹ کالج واقعہ: ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دو حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ بزدل دشمن نے ایک بار پھر تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی، مگر سیکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم دہشت گردوں کے ناپاک منصوبوں کو ناکام بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں اور پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کالج کے مین گیٹ کو دھماکہ خیز گاڑی کے ذریعے تباہ کرنے کی کوشش کی تاکہ طلبہ میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور طلبہ و کالج عملے کو محفوظ رکھا۔

یہ کارروائی سیکیورٹی فورسز کی مہارت اور حوصلے کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا کر تعلیمی ادارے کی حفاظت یقینی بنائی۔

Scroll to Top