ایک میچ خراب ہو تو سب یاد رہ جاتا ہے، اچھے میچ بھلا دیے جاتے ہیں: حارث رؤف

پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کہا ہے کہ کسی بھی میچ جیتنا سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اور اگر انہیں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا تو وہ ہر لحاظ سے تیار ہیں۔

سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کی فتح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ سرد موسم میں بولنگ کرنا مشکل ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی کے لیے اپنی بہترین کارکردگی دکھانا آسان نہیں۔

حارث نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگ 10 اچھے میچز کو بھول کر ایک ناقص میچ کو یاد رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کھلاڑی ہر میچ میں شاندار پرفارمنس دیں۔ انہوں نے کہا۔

لوگ سمجھتے ہیں کہ کھلاڑی روبوٹ ہیں، ہم مشین نہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں، لیکن ہم اپنے اوپر بھروسہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پہلا ون ڈے: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دے دی

پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ون ڈے میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، جس میں سلمان علی آغا کی شاندار سنچری نمایاں رہی۔

87 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز میں ان کے 9 چوکے شامل تھے جبکہ حسین طلعت نے 63 گیندوں پر 62 رنز کا نمایاں کھیل پیش کیا۔

وینندو ہسارنگا نے سری لنکا کی جانب سے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا نے پاکستان کے مقررہ 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 50 اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 293 رنز بنائے۔

وینندو ہسارنگا کی 59 رنز کی برق رفتار اننگز بھی سری لنکا کو کامیابی نہ دلواسکی، سدیرا 39، کامل مشارا 38 اور کپتان اسالنکا 32 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب حارث رؤف نے 61 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کہا کہ دوسری اننگز میں نمی ہونے کی وجہ سے فیلڈنگ کا انتخاب کیا گیا۔

Scroll to Top