پشاور: گورنر ہاؤس میں امریکہ کی سفیر نیٹلی اے بیکر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پشاور میں تعینات امریکہ کے قونصل جنرل تھامس ایکرٹ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے امریکی سفیر کو صوبے میں سیاحت خصوصاً مذہبی سیاحت کے فروغ کے اقدامات سے آگاہ کیا اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور پاک افغان سرحدی حالات پر بھی بات چیت کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکی سفیر کو خیبرپختونخوا کی روایتی شال بھی پہنائی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ جغرافیائی اور قدرتی وسائل کے لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور امریکہ ہمارا ترقیاتی شراکتدار اور دوست ملک ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں مختلف شعبوں میں جاری دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے، اور نوجوانوں کو تعلیمی و اسپورٹس شعبوں میں آگے لانے کے اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت اور افغانستان دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں، وانا اور اسلام آباد حملے ثبوت ہیں، شہباز شریف
امریکی سفیر نے پروقار میزبانی پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا اور خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں شہادتوں پر ہمدردی کا اظہار کیا۔
امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ہمارے ساتھ دیا ہے اور تجارتی راہ داری برقرار رکھی ہے، امریکی سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو قدرتی وسائل کے لحاظ سے مالا مال ہے، پاکستان ہمارا ترقیاتی شرکتدار اور دوست ملک ہے
آخر میں انہوں نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کے عزم کی بھی تعریف کی۔





