لوئر دیر: پولیس نے لوئر دیر کے علاقے کوٹو سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاک صارف کو نازیبا حرکات اور فحاشی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈی پی او لوئر دیر تیمور خان کی ہدایت پر تھانہ تیمرگرہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر محمد نوید کو حراست میں لیا ہے۔
گرفتاری کا سبب معاشرے میں فحاشی اور بے حیائی پھیلانے والے مواد کی تخلیق اور پھیلانا بتایا گیا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ گرفتار ٹک ٹاکر اپنی ویڈیوز میں غلیظ زبان استعمال کر رہا تھا، نازیبا حرکات کر رہا تھا اور مذہبی و معاشرتی اقدار کی توہین کر کے عوامی جذبات کو مجروح کر رہا تھا۔
ڈی پی او دیر تیمور خان نے اس موقع پر کہا کہ معاشرتی بگاڑ پھیلانے والے اور فحاشی پر مبنی مواد بنانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور ایسے عناصر کو کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سوات: معروف ٹک ٹاکر بختی رحمان گرفتار
یاد رہے کہ اس سے پہلے سوات کے علاقے شین فتح پور سے تعلق رکھنے والے بخت رحمان عرف بختی رحمان اور ان کے بھائی کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
پولیس نے بخت رحمان کے بھائی کے ہوٹل کو بھی سیل کر دیا۔
پولیس کے مطابق بخت رحمان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر لائیو میچز اور گیمز کے دوران گالم گلوچ اور غیر اخلاقی زبان استعمال کر کے پیسے کماتا تھا۔
بخت رحمان اور ان کے بھائی دونوں کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی۔
بخت رحمان کے بھائی سے بیانِ حلفی لیا گیا جس میں اس نے عہد کیا کہ آئندہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، خصوصاً ٹک ٹاک پر ایسی ویڈیوز نہیں بنائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بیانِ حلفی کے بعد بخت رحمان کو کسی بھی شخص کی جانب سے تنگ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کوئی اس کے نام پر ٹک ٹاک یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ناجائز کمائی کی کوشش کرے گا۔





