اسلام آباد: ن لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آدھی رات میں ایک گھنٹے کے اندر 52 قوانین پاس کرنے والے اب ہمیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ لوگ جو اسمبلی توڑنے کا عمل کر چکے، اب ہمیں آئینی ترمیم اور قانون سازی پر طعنہ دے رہے ہیں، جبکہ اخلاقی قدروں سے عاری لوگ پاک دامنی کے لیکچر دے رہے ہیں۔
آدھی رات کو ایک گھنٹے میں 52 قانون پاس کرنے والے اور اسمبلی توڑنے والے ھمیں آئینی ترمیم اور قانون سازی پہ طعنہ دے رہیں ھیں۔ اقتدار کے دوام کے لئیے ولدیت کے خانے میں جنرل باجوہ کا نام لکھنے والے۔۔ اخلاق باختہ لوگ پاکدامنی پہ لیکچر دے رہے ھیں۔۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 13, 2025
خواجہ آصف نے ایکس پر جاری ایک اور بیان میں سابق جج سپریم کورٹ منصور علی شاہ کے استعفے پر لکھے گئے شعر کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ شعر اس وقت یاد کیوں نہیں آیا جب انصاف کا قتل عام ہو رہا تھا۔
یہ شعر اسوقت یاد نہ آۓ جب انصاف کا قتل عام ھو رہا تھا ججوں کا ایک ٹولا مل کر آئین اور قانون کے محافظ کے بجاۓ کسی کے سیاسی مفادات کے محافظ بنے ھوۓ تھے۔ سیاسی پارٹی کے ورکر بنے تھے۔ یہ شعر لکھنے سے پہلے اپنا ماضی یاد کر لیتے تو شاید کوئ شرم کوئ حیا آجاتی۔ pic.twitter.com/mqGbBN7H1j
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) November 13, 2025
ان کا کہنا تھا کہ بعض ججز سیاسی مفادات کے محافظ بن کر انصاف کے تقاضوں کو پس پشت ڈال چکے تھے۔
وفاقی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ ججز آئین اور قانون کی بجائے کسی سیاسی پارٹی کے ہمنوا بن گئے، اور شعر لکھنے سے پہلے اپنے ماضی پر نظر ڈال لیتے تو شاید کوئی شرم و حیا پیدا ہوتی۔





