باجوڑ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 20 سے زائد دہشتگرد مارے گئے

سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے عمومی علاقے میں قابلِ اعتماد خفیہ معلومات پر ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کا ہدف خوارج دہشتگردوں کا ایک فعال نیٹ ورک تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران 20 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہو گئے جنہیں سیکیورٹی حکام نے فتنۂ خوارج کا حصہ قرار دیا ہے۔

آپریشن کو علاقے کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور دہشتگردوں کی دوبارہ منظم ہونے کی کوشش ناکام بنانے کے لیے اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مضبوط اور ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ کارروائی دہشتگردی کے خلاف جاری ملک گیر کوششوں کا حصہ ہے اور مستقبل میں بھی ایسے آپریشن جاری رہیں گے۔

دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج پر ہونے والے دہشتگرد حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا کیڈٹ کالج پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی اور تمام حملہ آور افغان شہری تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ حملے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کا حتمی حکم خارجی نورولی محسود نے دیا، جبکہ دہشتگرد کارروائی کے دوران افغانستان سے موصول ہدایات پر عمل کرتے رہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے کی بنیادی منصوبہ بندی افغان خارجی زاہد نے کی تھی، اور خارجی نورولی محسود نے حملے کی ذمہ داری جیش الہند کے نام سے قبول کروائی تاکہ ٹی ٹی پی سے تعلقات پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق حملے کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں خارجی بار بار جیش الہند کا نام لیتے ہوئے اُردو میں گفتگو کرتے رہے۔

حملے کے لیے درکار سامان بھی افغانستان سے فراہم کیا گیا تھا، جس میں امریکی ساختہ ہتھیار شامل تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی کا مقصد پاکستان میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ کرنا تھا، جسے ’’را‘‘ کے مطالبات سے منسلک خطرات کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملے میں مارے گئے افغان دہشتگردوں کی شناخت نے تمام شکوک و شبہات دور کر دیے اور واضح ہو گیا کہ یہ کارروائی افغان سرزمین سے کی گئی منصوبہ بندی اور بیرونی ہدایات کے تحت انجام پائی۔

Scroll to Top