وفاقی وزیر مواصلات نے خیبرپختونخوا میں مزید ٹول پلازوں بنانے کی ہدایت کردی

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت دی ہے کہ خیبرپختونخوا میں نئے ٹول پلازے قائم کیے جائیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ٹول پلازوں سے حاصل ہونے والی آمدنی صوبے کے شاہراتی ڈھانچے کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر مواصلات کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں این ایچ اے حکام نے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مالی معاملات پر بریفنگ دی۔

عبدالعلیم خان نے کہا ہے ٹول پلازوں پر کسی قسم کی توڑ پھوڑ یا ہنگامہ آرائی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے این ایچ اے کو یہ بھی کہا کہ ٹول پلازوں پر نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کرائی جائے۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ محصولات کی باقاعدہ وصولی ترقیاتی کاموں کے تسلسل اور سڑکوں کی مرمت کے لیے ضروری ہے۔

ایک کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے منصوبوں کی لازمی انسپیکشن کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے، جبکہ سیکرٹری مواصلات کو منصوبوں کا خود دورہ کرنے اور معائنے کے بعد ہی منظوری دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مینا خان آفریدی کا بڑا اقدام!شفافیت اولین ترجیح، ٹانک کی سڑکوں کے ٹینڈر اشتہار کی فوری منسوخی

اجلاس میں وزیر مواصلات نے این ایچ اے سے کرپشن کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معمول کے مرمتی منصوبے اکثر بدعنوانی کا سبب بنتے ہیں، اس لیے کسی بھی اہلکار کو کرپشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام عہدیداران ہر سطح پر ایمانداری کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Scroll to Top