لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی بیسمنٹ میں لگی آگ پر مکمل قابو پا لیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

شاہد جان

پشاور: خیبرپختونخوا کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کی او پی ڈی کے بیسمنٹ میں لگی آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طور پر رات 10 کے لگ بگ اچانک آگ بھڑک اٹھی ، جس کی وجہ سے پورے ہسپتال میں دھواں پھیل گیا۔

ریسکیوحکام کے مطابق ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ ہسپتال کی گاڑی کی چارجنگ کے دوران شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے آگ پارکنگ میں بڑھی۔

دھواں ختم کرنے کے لیے سموک ایجیکٹر کا استعمال کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے آگ بجھانے کے آپریشن میں بھرپور حصہ لیا، چار فائر ویکلز، دو ایمبولینسز اور 20 اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول کر لیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق آگ پر فوری قابو پانے کی وجہ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ آگ بجھانے کے بعد پارکنگ میں کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ کسی حادثے کا خطرہ نہ رہے۔

خیبرپختونخوا کے سب سے بڑےہسپتال میں بروقت کارروائی کے باعث صورتحال پر قابو پایا گیا اور مریضوں کی جان و مال کو خطرے سے محفوظ رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور اچینی چوک میں ورکشاپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو نے آگ پر قابو پالیا

 یاد رہے کہ کچھ دن پہلے پشاوراچینی چوک میں واقع سی این جی پمپ سے متصل ورکشاپ میں اچانک شدید آگ بھڑک اُٹھی، جس پر ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کنٹرول روم کی ہدایت پر چار فائر وہیکلز تربیت یافتہ فائر فائٹرز کے ہمراہ موقع پر روانہ کیے گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے بھرپور مہارت اور پیشہ ورانہ انداز میں فائر فائٹنگ کا آغاز کیا اور تقریباً 55 منٹ کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا۔

اس موقع پر ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی نے بتایا کہ کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ آگ دوبارہ بھڑکنے کے کسی بھی خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

Scroll to Top