وفاقی آئینی عدالت نے اپنی پہلی کاز لسٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق آئندہ ہفتے عدالت میں تین بنچ اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔
کاز لسٹ کے مطابق، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کورٹ روم نمبر ایک میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی کو کورٹ روم نمبر دو میں سماعت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ تیسرے بنچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس کے کے آغا شامل ہیں، جو دو رکنی بنچ کے طور پر کورٹ روم نمبر تین میں مقدمات سنیں گے۔
یہ کاز لسٹ وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ جاری کی گئی ہے، جس کے تحت آئندہ ہفتے اہم آئینی مقدمات کی کارروائی کا آغاز ہوگا۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس امین الدین خان نے 14 نومبر کو اپنا پہلا بڑا فیصلہ دیتے ہوئے وفاقی آئینی عدالت کا رجسٹرار مقرر کیا۔ اس سلسلے میں سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد حفیظ کو رجسٹرار آئینی عدالت جبکہ مظہر بھٹی کو سیکرٹری ٹو چیف جسٹس تعینات کیا گیا۔
یہ کاز لسٹ وفاقی آئینی عدالت کے فعال ہونے کی جانب پہلا اہم قدم ہے اور آئندہ ہفتے سے آئینی معاملات کی سماعت کا عمل شروع ہو جائے گا۔





