کھیلوں کے فنڈ میں کرپشن، خیبرپختونخوا میں کرپٹ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا

خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں کھیلوں کے فنڈ میں مبینہ کرپشن کی شکایات پر وزیر بلدیات مینا خان آفریدی فوری ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر بلدیات کا کہنا ہے کہ ضم اضلاع کے ویلج کونسلز کو دیے گئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے سپورٹس فنڈ میں بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مینا خان آفریدی نے کہا کھیلوں کے فنڈز میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں، عوامی پیسے کا ایک ایک روپیہ امانت ہے اور بدعنوانی پر سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے ضم اضلاع میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فنڈز کے مکمل آڈٹ کی ہدایت کر دی ہے اور کہا کہ مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے منصوبوں کو ہر صورت شفاف بنایا جائے گا۔

مینا خان آفریدی کی ہدایت پر سپورٹس ایکٹیویٹی کے اخراجات کی انکوائری کے لیے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں ڈائریکٹوریٹ لوکل گورنمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز شامل ہوں گے اور انہیں اجلاس کی منٹس، اخراجات کے واؤچرز اور تصویری شواہد کی جانچ کا ٹاسک دیا گیا ہے، کمیٹی سات دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

محکمہ بلدیات کی جناب سے نوٹیفکیشن تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سفارش اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی،صوبائی وزیرمینا خان آفریدی

یاد رہے گزشتہ روز پشاور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کی پالیسی گائیڈلائنز وضع کیں گئیں۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے گزشتہ روز امن جرگے میں شریک تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر امن ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ صوبائی اسمبلی کی تمام قراردادوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سود سے پاک خیبر پختونخوا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کے پی کو سود سے پاک بنانے کے لیے پالیسی تیار کر رہے ہیں، جلد اسلامک انویسٹمنٹ ماڈل متعارف کرائیں گے۔

Scroll to Top