ایوانِ صدر میں اردن کے شاہ عبداللہ دوئم کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ دیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خود یہ پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز شاہ عبداللہ دوئم کو پیش کیا۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ اعزاز دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، علاقائی و عالمی امن کے فروغ اور پاکستان کے ساتھ دوستی کے استحکام کے اعتراف میں دیا گیا۔
تقریب کے دوران شاہ عبداللہ دوئم نے بھی صدر مملکت آصف علی زرداری کو اردن کا اعلیٰ ترین ایوارڈ عطا کیا۔
کام کے مطابق یہ اعزاز اردن کی جانب سے پاکستان کے لیے گہرے احترام، تحسین اور دیرینہ دوستی کی علامت ہے۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ دوئم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایوانِ صدر میں ہونے والی اس خصوصی تقریب کو پاکستان اور اردن کے مابین دوستانہ تعلقات کے نئے باب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور اردن کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
واضح رہے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں معاشی، تجارتی، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم اور دفاعی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔
رہنماؤں نے سٹریٹجک اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خطے اور عالمی فورمز پر مشترکہ تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ شاہ عبداللہ دوم نے غزہ کے معاملے پر اردن کی حمایت کے لیے پاکستان کی تعریف کی، جبکہ علاقائی سکیورٹی اور امن کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطین کے مسئلے پر دونوں ممالک نے یکساں مؤقف کا اعادہ کیا اور غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی سخت مخالفت کی۔ اس کے علاوہ آٹھ عرب اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم کو افغانستان اور بھارت سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا، جس پر شاہ عبداللہ نے پاکستان کے خطے میں امن قائم رکھنے کے کردار کی تعریف کی۔





