لکی مروت میں مروت کنال کا پانی بند ہونے پر مقامی افراد سراپا احتجاج بن گئے ۔ مروت بیٹنی قومی تحریک نے بیٹنی آئل اینڈ گیس فیلڈ کی سپلائی روک دی ہے اور انتظامیہ کیساتھ مذاکرات بھی ناکام ہوچکے ہیں ۔
مروت بیٹنی قومی تحریک کے چیئرمین انعام خان کا کہنا ہے کہ جب تک مروت کنال کا پانی نہیں چھوڑا جاتا ، تب تک آئل اور گیس کی سپلائی بحال نہیں کی جائیگی۔
احتجاجی مظاہروں میں شدت کے باعث پولیس کی جانب سے ممکنہ آپریشن کی خبریں گردش کررہی ہیں جس پر عمائدین نے اہل علاقہ کو اسلحہ ساتھ لانے کی ہدایت کردی ہے ۔
انعام خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بنوں اور لکی مروت کی پولیس انہیں گرفتار کرنے کیلئے آرہی ہے اور اہل علاقہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلحہ سمیت احتجاج میں شرکت کریں ۔
احتجاج کے دوران لائوڈ اسپیکر پر اعلانات کیے جارہے ہیں کہ گولی کا جواب گولی سے دیا جائیگا ۔
دوسری جانب پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ مظاہرین کیخلاف کارروائی نہیں کی جارہی اور انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کرنا ان کا کام ہے جبکہ پولیس صرف سکیورٹی فراہم کررہی ہے
پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ بنوں سے اضافی پولیس فورس طلب کرنے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت افواہیں ہیں ۔
احتجاج کے باعث علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیاجارہاہے ۔
