ایف آئی اے کے مطابق افغان باشندے پاکستانی دستاویزات کی بنیاد پر سعودی عرب کا ورک پرمٹ ویزا حاصل کرنا چاہتے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور زون نے ڈبگری گارڈنز کے ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر پانچ افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا، جن پر پاکستانی دستاویزات غیر قانونی طور پر حاصل کرنے اور سعودی عرب کے ورک پرمٹ ویزا کے لیے استعمال کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں علی خان، اجمل، قاسم، احمد اور حمزلہ شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ غیر قانونی طریقے سے پاکستان میں داخل ہوئے اور غیر قانونی پاکستانی دستاویزات کی مدد سے سعودی عرب کے ورک پرمٹ ویزا حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
گرفتار افغان باشندوں کے قبضے سے افغان دستاویزات اور پاکستانی شناختی کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں، جو ان کے غیر قانونی اقدامات کی تصدیق کرتے ہیں۔ ایف آئی اے کے حکام نے کہا ہے کہ یہ کارروائی غیر قانونی تارکین وطن اور جعلی دستاویزات کے استعمال کی روک تھام کے لیے کی گئی ہے۔
ایف آئی اے پشاور زون کے مطابق، یہ گرفتاری غیر قانونی دستاویزات بنانے اور استعمال کرنے والے افراد کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ ایسے غیر قانونی اقدامات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔





