پاک افغان بارڈر آج 35 ویں روز بھی تجارت اور آمدرفت کیلئے بند رہا

پاک افغان بارڈر آج 35 ویں روز بھی تجارت اور آمدرفت کیلئے بند رہا

پاک افغان بارڈر آج 35 ویں روز بھی بند، صرف افغان مہاجرین کی آمدورفت کے لیے کھولا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد آج 35 ویں روز بھی تجارتی سرگرمیوں اور عام آمدورفت کے لیے بند رہی، تاہم سرحد کو صرف افغان مہاجرین کی آمدورفت کے لیے کھولا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرحد کی بندش کا مقصد سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر انتظامات یقینی بنانا ہے۔

سرحدی صورتحال اور مہاجرین کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے چمن اسکاوٹس کے بریگیڈیئر شکیل احمد اور باب دوستی کے لیفٹیننٹ کرنل عامر خٹک نے سرحدی علاقے کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران حکام نے ہولڈنگ کیمپ میں موجود سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مہاجرین کے مسائل کے فوری حل کے لیے عملے کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔

سرحدی حکام نے ہولڈنگ کیمپ میں مہاجرین کے لیے کھانے، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کی جانچ کی، تاکہ انہیں بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مہاجرین نے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سرحدی عملے کی توجہ اور فوری اقدامات کی بدولت حالات بہتر ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی بندش معمولی اقدام نہیں بلکہ سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو یقینی بنانے کی حکمت عملی ہے۔ سرحد صرف انسانی بنیادوں پر کھولی گئی ہے تاکہ افغان مہاجرین اپنی ضروریات اور واپسی کی کارروائی آسانی سے مکمل کر سکیں۔

Scroll to Top