سیکیورٹی فورسز کی ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی، 10 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نےڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں 16 نومبر 2025 کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے اہم سرغنہ سمیت 10 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

کارروائی کے دوران چار دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جبکہ ہلاک ہونے والوں میں افغان خوارج بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں میں ابو ذکاوان کے سابق نائب خارجی عالم محسود، خارجی سری ولد گل نواز، خارجی ساجد ولد مجید اور خارجی طارق ولد حکیم بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری حج اسکیم 2026: واجبات جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

ذرائع کے مطابق ہلاک کیے گئے چار دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سے تھا، جو حالیہ عرصے میں علاقے میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں سرگرم تھے۔

آپریشن کے دوران علاقے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، خودکش جیکٹس، آئی ای ڈیز اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گروہ بڑے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم آزادکشمیر منتخب

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی عالم محسود مختلف بڑے حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا، جن میں 2008 کا نواز کوٹ پوسٹ حملہ، 2010 میں بنوں جیل پر حملہ اور 2014 میں ایک آرمی پوسٹ پر حملہ شامل ہیں۔

علاقے کے مقامی عمائدین نے سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے علاقے میں امن قائم رکھنے اور خوارج کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سونا سستا ہوا یا مہنگا؟ قیمتوں میں کیا تبدیلی آئی ہے؟ جانئے

سیکیورٹی حکام کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت آخری خوارجی کے خاتمے اور مکمل امن و امان کی بحالی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Scroll to Top