خیبرپختونخوا میں ڈینگی کا وار، 24 گھنٹوں میں 6 نئے مریض رپورٹ

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 6 نئے تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق اس وقت فعال ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 309 ہے، جبکہ سال بھر کے دوران ڈینگی سے متاثرہ مجموعی کیسز کی تعداد 5,895 تک جا پہنچی ہے۔

گذشتہ ایک دن میں 2 نئے مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل کیے گئے، اور صوبے کے ہسپتالوں میں اس وقت 14 مریض زیر علاج ہیں۔

رواں سال 2,038 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے جبکہ 5,583 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بدقسمتی سے رواں سال 3 افراد ڈینگی کی وجہ سے انتقال کر گئے۔ نوشہرہ اور چارسدہ میں ہر ایک میں پانچ، جبکہ مردان میں چار مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت نے عوام سے سخت اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات پر مکمل عمل کریں، پانی جمع نہ ہونے دیں اور مچھر مار ادویات کا استعمال کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی

یاد رہے کہ ضلع خیبر میں ملک بھر کی طرح بارہ روزہ انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم 17 نومبر سے شروع ہو رہی ہے جو 29 نومبر تک جاری رہے گی۔

مہم کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راؤ کی زیر صدارت جرگہ ہال ڈی سی آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نسیم اللہ شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر امان اللہ، ضلعی سربراہ محکمہ صحت ڈاکٹر فیصل کمال، محکمہ تعلیم مردانہ و زنانہ، محکمہ صحت (EPI)، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، سی اینڈ ڈبلیو، بلدیات، زراعت، پبلک ہیلتھ، ایریگیشن، سوشل ویلفیئر، اسپورٹس و امورِ نوجوانان سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس میں سیکیورٹی، آگاہی مہم، انتظامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Scroll to Top